پاکستان تحریک انصاف کے سابق ترجمان اور سینئر قانون دان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کسی معجزے سے کم نہیں ہوگی کیونکہ ماضی میں اس حوالے سے کوئی واضح پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت ریاست سے بالاتر نہیں ہو سکتی اور خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور عسکری و سیاسی اداروں کو متحد ہونا ہوگا۔پشاور میں ہونے والی اعلیٰ سطحی بیٹھک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ملکی حالات میں بہتری کی امید ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں پراسیکیوٹر جنرل کی عدم تقرری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم ترین عہدے پر فوری تعیناتی ضروری ہے تاکہ فوجداری مقدمات کی قانونی پیروی متاثر نہ ہو۔معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری کو صوبے کے اہم ترین مسائل قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام اسکینڈلز کی شواہد کی بنیاد پر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس عمل میں پی ٹی آئی کے ووٹوں کی شاید ضرورت نہ پڑے اور پارٹی کا عدم تعاون محض تاریخ کے ریکارڈ کا حصہ بنے گا۔







