چائنہ ونڈو پشاور میں چینی زبان کے 15ویں مفت کورس کا آغاز

چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو پشاور میں چینی زبان سکھانے کے پندرہویں مفت کورس کا آغاز ہو گیا۔ اس سال کورس میں داخلے کے لیے 800 سے زائد افراد نے گوگل فارمز کے ذریعے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے باقاعدہ انٹرویوز کے بعد مختلف عمر کے40 خواتین و حضرات کا انتخاب کیا گیا۔ کورس کے پہلے روز شرکاء نے اپنا تعارف کرایا اور چینی زبان سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں چین کی تاریخ، ثقافت، ترقی اور پاک چین تعلقات سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے شرکاء کو کورس کی تفصیلات اور چینی زبان کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلیمی، تجارتی اور ثقافتی روابط کے تناظر میں چینی زبان سیکھنا نوجوانوں کے لیے اہم مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ زبان سے واقفیت دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت اور روایات سمجھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ امجد عزیز ملک نے بتایا کہ یہ کورس مکمل طور پر مفت ہے اور اس کا دورانیہ 45 دن ہوگا۔ کلاسیں ہر جمعہ اور ہفتہ کو منعقد ہوں گی، جبکہ اسرار خان استاد کی حیثیت سے شرکاء کو چینی زبان سکھائیں گے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے کلاسوں میں شرکت کریں اور زبان سیکھنے کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ چائنہ ونڈو اب تک 850۰ افراد کو چینی زبان کے دو بنیادی کورسز کروا چکا ہے۔ اس کے علاوہ عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے کلچرل سیکشن کی وساطت سے خیبر پختونخوا کے سات ہونہار طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف بھی فراہم کیے جا چکے ہیں۔ شرکاء نے مفت چینی زبان کورس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام انہیں ایک نئی زبان سیکھنے اور چین کے بارے میں اپنی معلومات بڑھانے کا قیمتی موقع فراہم کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed