پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین گل نواز خان آفریدی نے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر)خالد محمود کی جانب سے پشاور ڈویژن بھر میں غیر قانونی ڈھابہ اسٹیشنز کے خلاف مثر کارروائی کے احکامات کا خیرمقدم کیا ہے۔اپنے بیان میں گل نواز خان آفریدی نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے غیر قانونی ڈھابہ اسٹیشنز کے خلاف کارروائی کے لیے متعدد بار درخواستیں دی جا چکی ہیں اور انتظامیہ کی توجہ بھی اس جانب مبذول کرائی جاتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ڈھابہ اسٹیشنز کسی بھی وقت بڑے جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں، کیونکہ ایسے مقامات پر پٹرولیم مصنوعات کی غیر محفوظ انداز میں خرید و فروخت سے حادثات کا خطرہ موجود رہتا ہے۔چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ غیر قانونی ڈھابہ اسٹیشنز نہ صرف قانونی پٹرول پمپس کے کاروبار میں مداخلت کر رہے ہیں بلکہ ناقص اور غیر معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کے باعث پوری پٹرولیم ڈیلرز برادری کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کمشنر پشاور ڈویژن کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن غیر قانونی ڈھابہ اسٹیشنز کے خلاف انتظامیہ کی کارروائی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن ڈھابہ اسٹیشنز کے پاس متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ این او سی موجود نہیں، انہیں فوری طور پر بند کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے پشاور ڈویژن میں غیر قانونی پٹرولیم کاروبار کا خاتمہ یقینی بنائے گی







