خیبر پختونخوا کے ایمرجنسی والے اضلاع کے لیے انتظامی ڈھانچہ مرتب کرلیا گیا ہے، جس کے تحت ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحییٰ اخونزادہ کے ماتحت پانچ انتظامی سیکرٹریز کو مختلف محکموں اور شعبوں کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔موصولہ تفصیلات کے مطابق ایمرجنسی والے اضلاع کے انتظامی امور کو پانچ شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن کی نگرانی متعلقہ سیکرٹریز کریں گے۔نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت عدنان خان بھٹنی کو سیکرٹری انتظامیہ و گورننس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ ڈاکٹر قاسم علی خان سیکرٹری تعلیم و سماجی شعبہ کے امور دیکھیں گے۔اسی طرح عارف اللہ اعوان کو سیکرٹری خزانہ و ترقیاتی منصوبہ بندی اور محمد عابد خان وزیر کو سیکرٹری اقتصادی ترقی کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔عبدالناصر کو سیکرٹری سکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔تمام پانچ سیکرٹریز ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحیی اخونزادہ کے ماتحت کام کریں گے اور انہیں تفویض کردہ شعبوں کے انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔







