کوہاٹ میں جی او سی 9 ڈویژن کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کرم اور اورکزئی کے علاقائی نمائندگان، ترقیاتی کمیٹی کے اراکین، سول انتظامیہ اور پولیس کے اعلا عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر (RPO) اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن سمیت پاک فوج، پولیس، سول انتظامیہ اور مقامی نمائندگان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران خطے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری بنیادی ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پاک فوج، پولیس، انتظامیہ اور علاقائی نمائندگان کے درمیان باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید فعال اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی شکایات کے سریع ازالے پر خصوصی زور دیا گیا۔ تمام شرکاء نے علاقے میں پائیدار امن، استحکام اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔







