پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) خیبر پختونخوا کے صدر محمد سلیم خان اور جنرل سیکرٹری طاہر امین نے سانحہ دیر کالونی پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی جانوں کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تاہم اسکولوں کی عمارتوں کے آڈٹ اور انسپکشن کی آڑ میں نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو ہراساں کرنے سے گریز کیا جائے۔اپنے مشترکہ بیان میں پی ای این کے رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے اسکولوں کی عمارتوں کا آڈٹ کرانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غیر محفوظ عمارتوں کی نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔ تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مختلف اضلاع میں متعلقہ حکام کی جانب سے اس عمل کو نجی اسکولوں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے کم فیس وصول کرنے والے چھوٹے اداروں کی بقا خطرے میں پڑ سکتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ نجی تعلیمی ادارے ملک میں تعلیمی ضروریات کا 50 فیصد سے زائد بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں مرتب کرے، عمارتوں میں موجود خامیوں کی نشاندہی کے بعد ان کی اصلاح کے لیے مناسب وقت دیا جائے اور بے جا پابندیاں عائد کرنے کے بجائے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کا تعاون حاصل کیا جائے۔







