تھانہ پروآ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر چیڑا مائنر کے قریب مسلح افراد نے ناکہ لگا کر مسافر بس اور چشمہ شوگر ملز ٹو کے ملازمین کی بس کو روک لیا، جس کے نتیجے میں 17 ملازمین سمیت متعدد افراد کو مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کی اطلاع ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ رات گئے سفیتہ مائنر/چیڑا مائنر کے قریب پیش آیا، جہاں تقریبا 15 سے 20 مسلح افراد نے سڑک پر ناکہ لگایا۔ مسلح افراد نے چشمہ شوگر ملز ٹو کے ڈسٹرلی ایتھنول فیول پلانٹ رمک کے نائٹ شفٹ ملازمین کو لے جانے والی بس کو روکا اور سوار افراد کے شناختی کارڈ چیک کیے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد 17 ملازمین کو اپنے ساتھ لے گئے، جن میں اکثریت سکیورٹی اہلکاروں کی بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق اسی مقام پر ڈیرہ غازی خان سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس حسن کوچ کو بھی روکا گیا، جس میں موجود بعض مسافروں کو بھی مبینہ طور پر اغوا کیا گیا۔ متاثرہ افراد میں تونسہ شریف سے تعلق رکھنے والا ایک پولیس ملازم بھی شامل بتایا جا رہا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو بھتہ خوری کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی مدد کے لیے پاک فوج کے دستے بھی روانہ کیے گئے ہیں اور مغوی ملازمین سمیت دیگر افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات اور سرکاری طور پر مغویوں کی تعداد کی تصدیق کا انتظار ہے۔







