عام طور پر بینائی اور آنکھوں کی صحت کے لیے گاجر کا استعمال مشہور اور تسلیم شدہ مانا جاتا ہے، تاہم سنگاپور میں کی جانے والی ایک جدید سائنسی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ انگور کا باقاعدہ استعمال بھی آنکھوں کو توانا رکھنے اور بینائی کی حفاظت میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔بین الاقوامی سائنسی جریدے ’فوڈ اینڈ فنکشن‘ (Food & Function) میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے ماہرین نے ۳۴ بالغ افراد پر ۱۶ ہفتوں تک ایک ڈبل بلائنڈ تجربہ کیا۔ تحقیق کے اہم مصنف ڈاکٹر جنگ ایون کم (Dr. Jung Eun Kim) کی قیادت میں شرکاء کو روزانہ ناشتے کے ساتھ ڈیڑھ کپ تازہ انگور (یا اس کے مساوی پلیسیبو) دیے گئے۔ ۱۶ ہفتوں کے مطالعے کے بعد نتائج سے معلوم ہوا کہ جن افراد نے انگور کا استعمال کیا ان میں اینٹی آکسیڈنٹ سرگرمی میں نمایاں اضافہ ہوا اور ان کی آنکھوں کے ریٹینا (Retina) میں میکیولر پگمنٹ (Macular Pigment Density) کی مقدار بہتر ہو گئی۔
کے مطابق یہ میکیولر پگمنٹ آنکھوں کے لیے ایک قدرتی فلٹر کی طرح کام کرتا ہے جو موبائل، لیپ ٹاپ اور سورج سے نکلنے والی نیلی روشنی (Blue Light) کے متوقع نقصانات سے آنکھ کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ڈاکٹر کم کا کہنا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کے لیے روزانہ ۲ سے ۳ مٹھی انگور کھانا متوازن غذا کا بہترین حصہ بن سکتا ہے جو طویل مدتی بنیادوں پر بینائی کو برقرار رکھنے میں مددگار ہے۔ تاہم طبی ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اس تجربے میں شرکاء کی تعداد ۳۴ تک محدود تھی، لہٰذا انگور کو ایک مفید غذائی جزو کے طور پر تو استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن یہ آنکھوں کے باقاعدہ معائنے یا طبی علاج کا متبادل نہیں ہے۔







