بھارت کے سابق اوپننگ بیٹر شیکھر دھون نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں اپنی شرکت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔
شیکھر دھون نے واضح کیا کہ ایونٹ کے منتظمین نے ان کی رضامندی کے بغیر ان کا نام ایشیا واریئرز کے اسکواڈ میں شامل کیا، جس میں پاکستان کے افتخار احمد اور سہیل تنویر جیسے کھلاڑی بھی شامل کیے گئے تھے۔ سابق بھارتی کرکٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شمولیت کی کوئی اجازت نہیں دی تھی اور ان کی قانونی ٹیم اس معاملے پر مناسب اقدامات کرے گی۔ انہوں نے شائقین اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ خبر پر اعتبار نہ کریں۔
دوسری جانب، ٹورنامنٹ انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ شیکھر دھون ایشیا واریئرز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق ان کی عدم شرکت کی وجہ شیڈول کے مسائل اور چند تکنیکی امور ہیں، تاہم ان کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ یاد رہے کہ شیکھر دھون نے 2024 میں تمام تر بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور وہ 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے جبکہ 68 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔







