پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشنیں قائم کر دی گئی ہیں۔ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت امیر بہادر خان ہوتی پنجاب ڈڑیگن بوٹ ایسوسی ایشن کے صدرہوں گے جبکہ سابق بیوروکریٹ جاوید مروت کو خیبر پختون خوا ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کرنے کا نوٹی فیکیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں منعقدہ ایک اجلاس میں ممتاز سپورٹس جرنلسٹ محمد یوسف کو پنجاب ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کا سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا، محترمہ عظمی زیدی نائب صدر جبکہ نوید اختر ملک خزانچی ہوں گے۔پشاور میں منعقد ہایک اجلاس میں صوبے میں کئی اعلی عہدوں پر فائز رہنے والے سابق بیورو کریٹ جاوید مروت کو متفقہ طور پر خیبر پختون خوا ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کا صدر اور مایہ ناز سپورٹس آرگنائزر نعیم گل کو سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا۔ دوسرے عہدے داروں میں محترمہ شمیم اختر جدون سینئر نائب صدر, جنید خان نائب صدر اور بلال اسلم خزانچی ہوں گے۔ پنجاب ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر امیر بہادر خان ہوتی کے مطابق پاکستان میں پہلی بار دریائے کابل میں ڈریگن بوٹ فیسٹیول اور مقابلوں کے انعقاد نے اس کھیل کے فروغ کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں۔ کھلاڑیوں کی دلچسپی اور اس کھیل کے روشن امکانات کے پیش نظر پاکستان ڈریگن بوٹ فیڈریشن کے قیام کی ضرورت محسوس کی گئی ہے تاکہ منظم انداز میں تربیت، مقابلوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کا اہتمام کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لئے ملک کے چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشنیں قائم کی جائیں گی جس کے بعد پاکستان ڈریگن بوٹ فیڈریشن کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ خیبر پختون خوا ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر جاوید مروت کا کہنا ہے کہ صوبائی سطح پر نئے کھیل کو متعارف کروانے کے علاوہ کھلاڑیوں کو قومی سطح کے مقابلوں میں شرکت اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، جبکہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے ٹیمیں بھی بھیجی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس کھیل کے ذریعہ پاک چین دوستی میں عوامی سطح پر رابطوں میں بھی تیزی لائی جائے گی۔جاوید مروت نے یقین ظاہر کیا کہ ڈریگن بوٹ قومی سطح پر جلد پاکستان بھر میں مقبولیت حاصل کر لے گا۔







