خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع سمیت مختلف علاقوں میں امن وامان کی خراب صورتحال، بے روزگاری، مہنگائی اور بڑھتی دہشت گردی پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ضلع کرم کے شہریوں نے بنیادی سہولیات کی کمی اور عدم تحفظ کے احساس پر صوبائی حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران عوام کے حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق 2018 سے قبائلی اضلاع کے عوام مشکلات اور دربدری کا سامنا کررہے ہیں، جبکہ ان علاقوں میں ترقیاتی کام بھی خاطر خواہ نہیں ہورہے۔ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے مقامی آبادی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
ضلع کرم کے شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل کے لیے ایک خصوصی کونسل تشکیل دی جائے تاکہ مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔
شہریوں نے قبائلی اضلاع کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں خصوصی حصہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کے مطابق اضافی مالی وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ قبائلی علاقوں میں سڑکوں، اسپتالوں اور دیگر بنیادی و ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جاسکے۔







