کرک پولیس کے شہداء کی نمازِ جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

ضلع کرک میں فائرنگ کے واقعے میں شہادت پانے والے ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داؤد شاہ داؤد خان اور ان کے گنر فرہاد کی نمازِ جنازہ نیو پولیس لائنز کرک میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق سب ڈویژن بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے نیو کڑپہ میں مسلح ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔ شہداء کی نمازِ جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عرفان طارق، کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک عمران خان، ڈپٹی کمشنر کرک اسد سرور، پولیس و سول انتظامیہ کے افسران اور پولیس جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے غم میں شریک ہونے کا یقین دلایا۔ نمازِ جنازہ کے دوران پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی جبکہ اعلیٰ حکام نے شہداء کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

نمازِ جنازہ اور سرکاری اعزازات کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی کو مکمل احترام کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

آر پی او کوہاٹ عرفان طارق اور ڈی پی او کرک عمران خان نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed