کراچی میں محنت کش پر فائرنگ، بزرگ شہری گرفتار نہ ہوسکا

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں محنت کش کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والا لگژری گاڑی میں سوار بزرگ شہری تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا۔

فائرنگ کا واقعہ 6 اکتوبر کی دوپہر گلشن چورنگی کے قریب پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی لگژری گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔ پولیس کے مطابق فوٹیج کی مدد سے گاڑی اور اس کے مالک کی تلاش جاری ہے۔

واقعے کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں زخمی محنت کش سلمان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مرسڈیز گاڑی میں یونیفارم پہنی ایک بچی بھی سوار تھی، جبکہ گاڑی اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مرسڈیز اور سوئفٹ گاڑی میں سوار نوجوانوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پیش آیا۔ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز کے درمیان بحث کے دوران مرسڈیز میں سوار بزرگ شہری نے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں فٹ پاتھ پر بیٹھا محنت کش سلمان بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جبکہ ایک گولی سوئفٹ گاڑی کے بمپر پر بھی لگی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فائرنگ میں ملوث گاڑی اور اس کے مالک کی تلاش شروع کردی ہے، تاہم واقعے میں ملوث بزرگ شہری تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed