روزنامہ کسوٹی کے اشتہارات کی بندش کے معاملے پر روزنامہ کسوٹی کے ایڈیٹوریل سٹاف کے وفد نے پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کی قیادت میں جمعرات کے روز سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا مطیع اللہ خان سے ملاقات کی۔ وفد میں صحافی وقار احمد، شعیب جمیل اور اقبال عارف شامل تھے۔ملاقات کے دوران روزنامہ کسوٹی کے اشتہارات کی بندش اور اس کے نتیجے میں اخبار کے کارکنوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے سیکرٹری اطلاعات کو اخبار اور اس کے کارکنوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔وفد کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ مطیع اللہ خان نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں، جس کے نتیجے میں روزنامہ کسوٹی کے اشتہارات کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی۔اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض اور روزنامہ کسوٹی کے وفد نے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات پر سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ مطیع اللہ خان کا شکریہ ادا کیا۔روزنامہ کسوٹی کے سٹاف نے پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور روزنامہ کسوٹی کے کارکنوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ان کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچائی۔روزنامہ کسوٹی کے کارکنوں نے کہا کہ ایم ریاض کی جانب سے صحافتی برادری کے مسائل کے حل اور کارکن صحافیوں کے حقوق کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابل قدر ہیں، جنہیں وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔







