مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے بانی رہنما اور سابق وزیر حکومت، امیدوار ممبر قانون ساز اسمبلی طاہر انور ایڈووکیٹ کی تحریک پر حکومت آزاد کشمیر نے راولاکوٹ اور گردونواح کے شہریوں کی سہولت کے لیے متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق منظور کیے گئے منصوبوں میں سی ایم ایچ راولاکوٹ میں کیتھ لیب کے قیام کیلئے 50 کروڑ روپے کی فراہمی، چک میں زیرِ تعمیر ہسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ زچہ و بچہ اور چائلڈ ہسپتال کی ضروریات کے مطابق اضافی فنڈز کی فراہمی، راولاکوٹ شہر کے لیے 10 الیکٹرک بسوںکی فراہمی اور تقریبا 20 کلومیٹر سڑکوںکی ازسرِنو تعمیر شامل ہے۔منصوبے کے تحت چک تا راولاکوٹ شہر، رہاڑہ تا بلدیہ اڈہ اور مجاہد آباد تا سپلائی بازار سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی، جہاں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔یہ تمام منصوبے وزیراعظم آزاد کشمیر کے 100 روزہ پلان میں شامل کیے گئے ہیں، جن پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم پاکستان کے 100 روزہ پلان کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے فوری طور پر 15 ارب روپے جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 100 روزہ پلان میں 28 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے شامل کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے راولاکوٹ کے لیے اہم منصوبوں کی منظوری پر طاہر انور ایڈووکیٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے امیدوار ہونے کے باوجود منتخب ممبر اسمبلی کا کردار ادا کرتے ہوئے علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی کوششیں کی ہیں۔







