سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے چین اوپن کا ٹائٹل جیت کر اپنے شاندار کیریئر کی 102ویں سنگلز ٹرافی حاصل کرلی۔
بیجنگ میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا کے ایلکس ڈی میناؤر انجری کے باعث مقابلہ مکمل نہ کرسکے۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ ٹائی بریک پر 7-6 سے اپنے نام کیا، جس میں ٹائی بریک کا اسکور 7-3 رہا۔
دوسرے سیٹ کے آغاز میں ڈی میناؤر نے ایک گیم جیتی، تاہم بائیں ران میں تکلیف کے باعث انہیں میچ سے دستبردار ہونا پڑا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیٹ کے اختتام پر میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ 39 سالہ نوواک جوکووچ نے مسلسل 21ویں سال کم از کم ایک سنگلز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز برقرار رکھا۔
جوکووچ سے زیادہ ٹائٹلز صرف جمی کونرز نے 109 اور راجر فیڈرر نے 103 جیتے ہیں۔ چین اوپن میں سربین اسٹار کی یہ مسلسل 34ویں فتح اور مجموعی طور پر ساتویں ٹرافی ہے۔
جوکووچ نے کامیابی کے بعد کہا کہ رواں سال جسمانی اور صحت سے متعلق مسائل کے باعث ان کے لیے خاصا مشکل رہا، تاہم بیجنگ میں فتح سے انہیں یقین ہوا کہ وہ اب بھی عالمی سطح کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
چین اوپن کی فتح کے بعد نوواک جوکووچ دوبارہ عالمی ٹاپ 10 میں شامل ہوجائیں گے۔







