فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گوتریس کی ملاقات، اہم امور زیر بحث

راولپنڈی: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی استحکام، سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے معاملات، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مسئلہ کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور خدمات کو بھی اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی خصوصی طور پر تعریف کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed