پشاور ماڈل اسکول گرلز ٹو کی پرنسپل امبرین سلیم کی قیادت میں ماہرینِ تعلیم کے ایک وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں مس نائمہ، مس مہک اور مس ثمینہ ناز بھی شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران صوبے میں تعلیم کے فروغ، بالخصوص خواتین کی تعلیم، بچیوں کی معیاری تعلیمی تربیت اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خواتین کی تعلیم معاشرتی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ خاتون نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری نسل کی بہتر تربیت اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں بچیوں کو معیاری اور جدید تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔







