وفاقی حکومت نے دہری شہریت کے حامل سرکاری افسران سے متعلق 2026 کے وضع کردہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سول سرونٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنی غیر ملکی شہریت اور متعلقہ کوائف کا ڈیکلریشن لازمی جمع کرائیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم (او ایم) کے مطابق تمام سرکاری ملازمین کے لیے اپنی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی پاسپورٹ یا سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ افسران کو اپنے ساتھ اپنے زیرِ کفالت افراد کی غير ملکی شہريت کی تفصیلات سے بھی آگاہ کرنا ہوگا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت میں ڈیکلریشن جمع نہ کرانے يا غلط معلومات فراہم کرنے پر سخت نظم و ضبط کی کارروائی کی جائے گی۔ معلومات چھپانے یا غلط بیان دینے کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا اور ایسے افسران کے خلاف ’سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020‘ کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔ دریں اثنا صوبائی چیف سیکرٹریز اور پولیس سربراہان کو بھی اپنے اپنے دائرہ اختیار میں اسی نوعیت کے احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔







