کور کمانڈر کانفرنس کا 9 مئی جیسے انتشار سے سختی سے نمٹنے کا اعلان

پاک فوج کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی سلامتی اور داخلی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وطن عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے تمام شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی بے مثال قربانیوں پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے واضح کیا کہ ملک میں داخلی استحکام کا قیام انتہائی ضروری ہے اور کسی بھی صورت میں پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کو قانون اور تمام تر دستیاب طاقت کے ذریعے بلاحجھک اور بلاامتیاز ناکام بنایا جائے گا۔

افغانستان کی موجودہ صورتحال اور سرحد پار سے جاری دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے اجلاس میں کہا گیا کہ افغان سرزمین سے ہونے والے حملوں کے خلاف ہدف پر مبنی دفاعی کارروائیاں کرنا پاکستان کا قانونی حق ہے۔ شرکا کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد عناصر اور ان کے سنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری افغان طالبان قیادت پر عائد ہوتی ہے۔

فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کامیاب آپریشنز کو سراہا۔ شرکا نے زور دیا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ صرف زمینی اقدامات تک محدود نہیں بلکہ اس کے لیے بہتر حکمرانی، عوامی سطح پر مؤثر رابطہ کاری اور پولیس کی کارکردگی میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ جرم اور دہشت گردی کے قائم کردہ نیٹ ورکس کو توڑنا ناگزیر ہے۔

اجلاس کے دوران پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو سراہا گیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعاون کا اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔ ساتھ ہی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور حرمین شریفین کے تحفظ سمیت سعودی عرب کے ساتھ کامل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

آرمی چیف نے تاکید کی کہ تمام فارمیشنز جدید ترین ٹیکنالوجی، جامع تربیت اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے ذریعے اپنی جنگی صلاحیتوں کو مزید برتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی مضبوط حمایت کی بدولت مسلح افواج پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed