وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی فوج کے نام نہاد ’فیک انکاؤنٹر‘ کے دعووں کا پول کھول دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر محمد آصف زندہ اور سلامت موجود ہیں تو پھر بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کس بے گناہ انسان کو شہید کیا ہے؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کسی اور معصوم کشمیری کی لاش کو محمد آصف کا نام دے کر دنیا کے سامنے پیش کرنا اس کے لیے شدید ترین عالمی ہزیمت اور رسوائی کا باعث ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محمد آصف کے میڈیا کے سامنے خود آنے کے بعد اب بھارتی فوج اور اس کی قیادت کو عالمی برادری کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ عطا اللہ تارڑ نے زور دے کر مطالبہ کیا کہ بھارت اس بات کا فوری جواب دے کہ اس جھوٹے انکاؤنٹر کی آر میں کس معصوم شخص کی نااہلانہ طور پر جان لی گئی ہے۔







