حیات آباد ٹول پلازہ کے قریب واقع الحرم ماڈل ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی، سکیورٹی کے مسائل اور انتظامی غفلت کے باعث رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ٹاؤن میں بجلی، پانی اور اسٹریٹ لائٹس سمیت متعدد بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، جبکہ مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ٹاؤن کے مالکان اور انتظامیہ منظر سے غائب ہیں، جس کے باعث یہاں "شہر میں جنگل کا قانون” جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ بنیادی مسائل کے حل کے لیے رہائشی اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کرنے پر مجبور ہیں۔پانی کی فراہمی کے لیے ٹیوب ویل مقامی افراد کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں اور مبینہ طور پر رہائشیوں سے 3,000 روپے فی گھر وصول کیے جا رہے ہیں۔ بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں بھی رہائشی اپنی مدد آپ کے تحت چندہ جمع کرکے مرمت کروانے پر مجبور ہیں۔سکیورٹی کے حوالے سے بھی رہائشیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق غیر قانونی راستوں کے ذریعے اجنبی افراد ٹاؤن کے اندر آتے جاتے ہیں، جس سے چوری کی وارداتوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مقامی افراد نے منشیات کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بعض مشکوک افراد کی آمدورفت اور چرس و آئس کے مبینہ اڈوں کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی کے باعث رات کے وقت گلیاں تاریکی میں ڈوب جاتی ہیں، جس سے سکیورٹی کے خدشات مزید بڑھ جاتے ہیں۔







