کراچی: سندھ میں ریبیز کے باعث مزید 2 بچوں کا انتقال ہوگیا، جس کے بعد صوبے میں ریبیز سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 37 ہوگئی۔
اسپتال حکام کے مطابق انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز کا شکار مزید 2 بچے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والی 6 سالہ بچی ابیہہ دختر نعمان کا تعلق ایئرپورٹ روڈ لطیف آباد، ضلع حیدرآباد سے تھا۔
حکام کے مطابق 4 سالہ بچہ وقار پسر سلطان بھی ریبیز کا شکار ہونے کے بعد انڈس اسپتال کراچی لایا گیا تھا۔ بچے کا تعلق ضلع دادو کے گاؤں راضی خان سے تھا۔
اسپتال حکام نے بتایا کہ دونوں بچوں کو ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق انڈس اسپتال کراچی میں اب تک ریبیز کے باعث 28 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ انڈس اسپتال بدین میں ایک اور جناح اسپتال کراچی میں 8 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق انڈس اسپتال کراچی میں سگ گزیدگی کے 14 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ جناح اور سول اسپتال کراچی میں بھی اب تک ڈاگ بائٹ کے 11، 11 ہزار کیسز رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔







