پاکستان انڈر 19 کے اوپننگ بلے باز عثمان خان نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے ایشال ایسوسی ایٹس کو حیدر کرکٹ کلب کے خلاف ایک اننگز اور 11 رنز سے کامیابی دلا دی۔
کراچی کے ایس بی پی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں عثمان خان نے 212 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست 202 رنز بنائے۔ ان کی جارحانہ اننگز میں 9 چوکے اور 15 چھکے شامل تھے۔
عثمان خان کی ڈبل سنچری کی بدولت ایشال ایسوسی ایٹس نے پہلی اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی۔ زین بن فاروق نے بھی 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
اس سے قبل حیدر کرکٹ کلب کی ٹیم پہلی اننگز میں 158 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس میں محمد انصار اللہ 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایشال ایسوسی ایٹس کو پہلی اننگز میں 239 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
حیدر کرکٹ کلب کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی ایشال ایسوسی ایٹس کے باؤلرز کے سامنے مزاحمت برقرار نہ رکھ سکی اور 228 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ شہباز تبریز نے 67 جبکہ محمد انصار اللہ نے 62 رنز بنائے۔
ایشال ایسوسی ایٹس کی جانب سے محمد عمیر نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ زاہد بشیر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عثمان خان کی یہ کارکردگی حالیہ عرصے میں ان کی مسلسل اچھی بیٹنگ کا تسلسل ہے۔ نوجوان اوپنر نے حال ہی میں انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف چار میچوں کی سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 240 رنز بنائے تھے، جس میں ان کی بہترین انفرادی اننگز 152 رنز کی رہی۔
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں ڈبل سنچری کے ساتھ عثمان خان نے انڈر 19 کرکٹ کے بعد سینئر سطح کی کرکٹ میں بھی اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔







