پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پشاور کی ڈپٹی ڈائریکٹر رومانہ اسد خان نے پی آئی ڈی وفد کے ہمراہ پریس کلب پشاور کا دورہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد صحافتی برادری کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لینا اور وزارتِ اطلاعات و نشریات اور مقامی میڈیا کے مابین باہمی پیشہ ورانہ روابط کو مزید مستحکم بنانا تھا۔دورے کے دوران تمام وفاقی اطلاعاتی دفاتر کو ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت میں منتقل کرنے اور ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا. اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر رومانہ اسد خان نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی جانب سے تاریخی تصنیف "کنسولیڈیٹڈ اسپیچز آف قائد اعظم” کا تحفہ صدر پریس کلب پشاور کو پیش کیا۔یہ تاریخی و تحقیقی منصوبہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل عمرانہ وزیر کی قیادت میں ادارے کی بہتری اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ تاریخ میں پہلی بار 1906 سے 1948 تک قائدِ اعظم کی تمام تر تقاریر کو محققین کی مدد سے برٹش لائبریری اور انڈیا آفس ریکارڈ سے حاصل کر کے یکجا کیا گیا ہے۔ ان کتب کو بیرونِ ملک یونیورسٹیوں، قومی تعلیمی اداروں اور ریسرچ سینٹرز کو بھیجا جا رہا ہے جو مستقبل کے محققین کے لیے ایک گراں قدر اثاثہ ہیں۔پی آئی ڈی وفد میں ڈی ای ایم پی کے فلم ایڈیٹر شاہ خان اور اسد خان بھی شامل تھے۔ وفد نے پریس کلب کی قیادت کے ساتھ صحافیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پی آئی ڈی اور وزارتِ اطلاعات کی جانب سے ان کو ہر ممکن حل کی یقین دہانی کرائی۔صدر پریس کلب پشاور ایم ریاض، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، صدر کے ایچ یو جے کاشف الدین نے پی آئی ڈی کے اس مثبت اقدام کو سراہا اور وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پریس کلب کی عمارت اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ بھی کرایا۔ اس موقع پر سیف السلام سیفی اور دیگر بھی موجود تھے







