ضلع نوشہرہ کے علاقے بدرشی محلہ الکویت میں کچے مکان کی چھت گرنے کا واقعہ رونما ہوا، جس میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے، جن میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔حادثے کے وقت مکان میں موجود 4 افراد ملبے تلے دب گئے تھے، جنہیں امدادی کارروائی کے ذریعے نکالا گیا۔ذرائع کے مطابق کچے مکان کی چھت گرنے کے اس افسوس ناک حادثے میں 55 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں، جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 5 سالہ بچی فاطمہ اور 3 سالہ بچہ موسی بھی شامل ہیں۔حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے قاضی حسین میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی جبکہ متاثرہ خاندان کو حادثے کے باعث شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔







