خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ چین کی غیر معمولی معاشی ترقی پاکستان کے لئے باعث تقلید ہے۔ چین نے ثابت کیا ہے کہ قدرتی وسائل کی موجودگی ہی کسی قوم کی خوشحالی کی ضمانت نہیں بلکہ اصل کامیابی ان وسائل، انسانی صلاحیتوں اور جغرافیائی اہمیت کو مثر منصوبہ بندی کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل کرنے میں ہے۔وہ پشاور میں چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ اور قومی دن کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل محمد حسن معظمی، رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ، صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں، ایڈمنسٹریٹر چائنہ ونڈو امجد عزیز ملک، کاروباری برادری کے نمائندوں، صحافیوں، مختلف اداروں کے عہدیداروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

مزمل اسلم نے حکومت خیبر پختونخوا اور صوبے کے عوام کی جانب سے چین کی حکومت، قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چین کا قومی دن پاکستانی عوام کے لئے بھی خوشی کا موقع ہے کیونکہ چین سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پاکستان کا قابلِ اعتماد اور دیرینہ دوست ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کی حیرت انگیز ترقی نے ثابت کیا ہے کہ محض قدرتی وسائل کا ہونا کسی ملک کی خوشحالی کے لئے کافی نہیں۔ اصل اہمیت اس امر کی ہے کہ کوئی ملک اپنے وسائل کو انسانی وسائل کی ترقی، پالیسیوں کے تسلسل، جدید ٹیکنالوجی، صنعت کاری اور طویل المدتی معاشی منصوبہ بندی کے ذریعے کس حد تک مئوثر انداز میں استعمال کرتا ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ ہمیں چین کے تجربے سے یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ قدرتی وسائل کو حقیقی معاشی طاقت میں کس طرح تبدیل کیا جاتا ہے۔ چین نے انفراسٹرکچر کی ترقی کو محض تعمیراتی سرگرمی تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے صنعت کاری، تجارت، روزگار کے مواقع اور علاقائی ترقی سے منسلک کیا۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے سی پیک کو پاک چین اقتصادی تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کو محض شاہراہوں، بجلی گھروں اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں تک محدود کرکے نہیں دیکھنا چاہیے۔ اس کا وسیع تر مقصد اقتصادی روابط کو مضبوط بنانا، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ، تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان کے مختلف علاقوں کو علاقائی اقتصادی نظام سے منسلک کرنا ہے۔مزمل اسلم نے چینی سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، معدنیات، سیاحت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔صوبائی وزیر خزانہ نے پاکستان اور چین کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کے لیے چائنہ ونڈو کی خدمات کو بھی سراہا۔انہوں نے ایڈمنسٹریٹر چائنہ ونڈو امجد عزیز ملک اور ان کی پوری ٹیم کو تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور چین کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوششوں پر مبارک باد پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل محمد حسن معظمی نے چین کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چین علاقائی اور عالمی اقتصادی تعاون میں ایک اہم قوت کے طور پر ابھرا ہے اور خطے میں رابطوں، تجارت اور عوامی تعلقات کے فروغ سے ایشیا میں مشترکہ خوشحالی، استحکام اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں اور اقتصادی و ثقافتی روابط میں اضافے سے ان ممالک کے عوام کے لئے تعاون کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ نے کہا کہ چین کی ترقی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ تعلیم، ہنرمندی اور قومی ترقی میں نوجوانوں اور خواتین کی مثر شرکت کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں میں اضافے سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے، خصوصا طلبہ اور نوجوان پیشہ ور افراد کو جدید تکنیکی اور فنی مہارتیں حاصل کرنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ممتاز صنعت کار حاجی مختیارالدین نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی کاروباری برادری چین کے ساتھ بزنس ٹو بزنس روابط میں مزید اضافے کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں معدنیات، پن بجلی، سیاحت، زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور چینی سرمایہ کاروں اور مقامی کاروباری برادری کے درمیان روابط میں اضافہ ان امکانات کو عملی معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے پشاور کی تاجر برادری کی جانب سے اہل چین کو ان کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔ ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما حبیب قریشی نے وکلا برادری کی جانب سے اہل چین کو عوامی جمہوریہ چین کی 77 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور یقین ظاہر کیا کہ پاک چین دوستی مزید عروج پائے گی۔ کرسچن کمیونٹی کے رہنما ء آگسٹن جیکب نے اظہار خیال کرتے ہوئے اقلیتی برادری کی جانب سے اہل چین کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔ چائنہ ونڈو کی ڈائریکٹر ناز پروین کا کہنا تھا کہ پاکستان باالخصوص پشاور میں چین کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب اس امر کی عکاس ہے کہ ہم بھی چین کے عوام کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ مقررین نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔تقریب پاک چین دوستی کی دیرینہ گرمجوشی کی عکاس رہی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی، اقتصادی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔







