پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے ۷۰ سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد خفیہ ٹھکانے تباہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نشاندہی پر ۲۱ ستمبر کو ضلع زیارت کے علاقے شعبان اور گرد و نواح میں کارروائی کی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ۳۳ دہشت گرد ہلاک کیے گئے جو مقامی آبادی کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ ۲۵ ستمبر کو نوشکی کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں ۱۱ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ مند کے علاقے میں کی گئی کارروائی کے دوران ۶ دہشت گرد مارے گئے۔ قبل ازیں کوئٹہ اور کیچ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد خوارج کو انجام تک پہنچایا تھا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ ۹۶ گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ۷۰ سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت سے بھارتی سرپرستی اور افغان پراکسیز کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے ان واقعات میں افغان طالبان رژیم کا ملوث ہونا اور بھارت کی جانب سے ان کی مکمل پشت پناہی خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ عزمِ استحکام وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔







