پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے جعلی وکلا اور غیر قانونی طور پر عدالتی احاطے میں سرگرم افراد کے خلاف کارروائی کے دوران 2مزید جعلی وکلا کومزاحمت اورہنگامہ آرائی کے بعد گرفتار کرلیا گیا جنہیں تھانہ شرقی پولیس کے حوالے کردیاگیا۔ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی جمع کرادی گئی ہے ۔پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطابق محمد ریحان اور نور زیب کو بغیر لائسنس کے پشاور ہائیکورٹ کے باررومز اور لائبریری میں موجود پایا گیا۔ بار کابینہ کی جانب سے دونوں افراد سے پوچھ گچھ کی گئی تو مبینہ طور پر انہوں نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے مزاحمت کی جس پر دونوں کو حراست میں لیکر پولیس حوالے کیا گیا۔ تھانہ شرقی میں جمع کردہ بارکی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔پشاور ہائیکورٹ بار نے واضح کیا ہے کہ جعلی وکلا ، غیر قانونی طور پر وکالت کرنے والے افراد اور ایسے کلرک جو عدالتی امور میں غیر قانونی طور پر ملوث ہیں، ان کیخلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی ۔ عدالتی احاطے میں صرف مجاز اور لائسنس یافتہ افراد کی موجودگی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ وکلا اور سائلین کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے







