شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کے معززین کا گورنمنٹ ڈگری کالج متھرا کا دورہ،طلباء کو کتب فراہم کیں

شاہین ہائوسنگ سوسائٹی کے معززین کے ایک وفد نے گورنمنٹ ڈگری کالج متھرا کا دورہ کیا اور کالج کے پرنسپل پروفیسر عرفان خٹک کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ہونہار اور مستحق طلبہ کی تعلیمی معاونت اور انہیں بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ وفد میں پروفیسر فہیم اللہ بابر، ایم سی بی کے سابق وائس پریزیڈنٹ غیور جاوید، معروف کاروباری شخصیت ضیا اللہ خان اور ریٹائرڈ پرنسپل محمد شفیق شامل تھے۔اس موقع پر ایف ایس سی سطح کے طلبہ کے لیے بالخصوص فزکس کے مضامین کی کتب اور دیگر متعلقہ تعلیمی مواد فراہم کیا گیا۔ طلبہ کی عملی تیاری اور جدید تعلیمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پریکٹیکل اور ایس ایل او بیسڈ کتب فراہم کی گئیں

جن کی مختلف عنوانات کے تحت 30، 30 اور 60، 60 کاپیاں طلبہ کے لیے مہیا کی گئیں۔ یہ تمام تعلیمی مواد مفت فراہم کیا گیا۔وفد کے ارکان نے ہونہار اور مستحق طلبہ کی تعلیمی ضروریات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کی فلاح و بہبود اور تعلیم کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر فہیم اللہ بابر نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کا انحصار تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کو بہتر مواقع فراہم کرنے پر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستحق اور ضرورت مند طلبہ کی معاونت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ مالی مشکلات کسی بھی ہونہار طالب علم کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔کالج کے پرنسپل پروفیسر عرفان خٹک نے پروفیسر فہیم اللہ بابر اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ طلبہ کے لیے کتب اور دیگر ضروری تعلیمی مواد کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے طلبہ کو اپنی تعلیمی اور عملی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔پرنسپل نے مہمانوں کی جانب سے طلبہ کی تعلیمی ضروریات میں ذاتی دلچسپی لینے کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ کالج اور معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان تعاون کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed