خیبرپختونخوا حکومت نے صفائی مہم کے تحت شہری علاقوں میں ماہانہ صفائی فیس مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیے کے مطابق گھروں سے رقبے کے لحاظ سے 100، 150اور 200روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی، جبکہ کمرشل دکانوں کے لیے ماہانہ فیس 250روپے مقرر کی گئی ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز، پٹرول پمپس، کارخانوں اور دیگر بڑے کاروباری مراکز سے ایک ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔صفائی مہم کے تحت مساجد، مدارس، سرکاری سکولوں اور دیگر مخصوص اداروں کو ماہانہ صفائی فیس سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔حکومت کے مطابق ماہانہ صفائی فیس کی وصولی اکتوبر 2026سے شروع کی جائے گی۔اعلامیے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کو صاف رکھنے، کوڑا مقررہ مقامات پر پھینکنے اور صفائی کے نظام کو موثر بنانے میں تعاون کریں۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ صفائی فیس کے نفاذ کا مقصد خیبرپختونخوا کے شہری علاقوں میں صفائی کا موثر اور منظم نظام یقینی بنانا ہے۔







