وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے چیف سیکرٹری کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کی۔نمازِ جمعہ کے بعد وزیراعلی نے چیف سیکرٹری آفس میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آج سرکاری تنصیبات، بالخصوص جامع مساجد کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ میں سکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔وزیراعلی کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے باوجود سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کو دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں کے خلاف پیغام قرار دیا گیا ہے۔اس موقع پر وزیراعلی محمد سہیل خان آفریدی نے کہا کہ دہشت گرد حکومت اور عوام کو خوفزدہ نہیں کرسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردی کا ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔







