نیویارک: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پولیو کے خاتمے اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران بل گیٹس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔
بل گیٹس نے پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیرِ اعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی ذاتی رہنمائی کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت داری کے علاوہ صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیرِ اعظم نے بل گیٹس کو زرعی اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کیا، جبکہ بہتر بیج، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پائیدار ترقی اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بل گیٹس کے سابقہ دورۂ پاکستان کا بھی ذکر ہوا، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انہیں دوبارہ پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔







