پنجاب میں ماہانہ صفائی فیس کا نیا نظام نافذ

پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کا نیا نظام نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت گھروں اور کمرشل یونٹس سے رقبے اور حجم کے حساب سے ماہانہ فیس وصول کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے پر ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے دستخط کیے۔

نئے نظام کے تحت مالی سال 2026-27 میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی وصول کرے گا۔ گھر گھر سروے، صفائی فیس کے بلوں کی پرنٹنگ اور بلوں سے متعلق شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو سونپی گئی ہے۔

ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صفائی فیس وصول کرنے کا فیصلہ اگست میں ہونے والے 36ویں صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد پنجاب کے تمام شہری علاقوں میں صفائی فیس وصول کرنے کے لیے یکساں اور منظم نظام قائم کرنا ہے۔

نئے طریقہ کار کے مطابق رہائشی گھروں سے ماہانہ صفائی فیس رقبے کی بنیاد پر وصول کی جائے گی۔ 5 مرلہ تک کے گھروں سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ تک ایک ہزار روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2 ہزار روپے جبکہ 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5 ہزار روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔

کمرشل یونٹس بھی صفائی فیس کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔ چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے یونٹس سے ایک ہزار روپے اور بڑے کمرشل یونٹس سے 3 ہزار روپے ماہانہ فیس وصول کی جائے گی۔

صفائی فیس کی وصولی کی خدمات کے عوض ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔

حکام کے مطابق نئے نظام کے ذریعے پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کو ایک ہی طریقہ کار کے تحت لایا جائے گا، جبکہ بلوں کی تیاری، تقسیم اور شکایات کے ازالے کا عمل بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے انجام پائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed