لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز تعینات کرنے کی درخواست کی ہے، جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی بھی مانگی ہے۔
خط میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ درخواست امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کی گئی، جبکہ معاملہ پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں بھی زیر بحث آیا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے ممکنہ لانگ مارچ کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لیے پنجاب اور سندھ سے مجموعی طور پر 18 ہزار اضافی پولیس اہلکار طلب کیے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب سے 16 ہزار جبکہ سندھ سے 2 ہزار اہلکار مانگے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں صوبوں سے 3 ڈی آئی جیز، 7 ایس ایس پیز اور 18 ایس پیز بھی طلب کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں سکیورٹی انتظامات میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔







