ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان نے تھانہ بفہ اور ڈی ایس پی آفس بفہ پکھل کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات، ریکارڈ، حوالات، مالخانہ، پولیس ڈیوٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے پولیس افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی اور مقدمات کے اندراج، تفتیشی امور، زیرِ تفتیش مقدمات، عوامی شکایات، جرائم کی روک تھام اور پولیس گشت کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے، مقدمات کا بروقت اندراج یقینی بنایا جائے اور تفتیشی امور میں میرٹ، شفافیت اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔
دورے کے دوران ڈیوٹی میں غفلت اور محکمانہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب دو پولیس ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر کے لائن حاضر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے واضح کیا کہ پولیس فورس میں ڈسپلن، فرض شناسی اور عوامی خدمت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ فرائض میں غفلت، غیر حاضری یا محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







