ترکیہ کے صوبہ مانیسا میں ایک ہائی اسکول کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ سکیورٹی فورسز نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔
ترک میڈیا کے مطابق مانیسا کے گورنر ہاؤس نے بتایا کہ فائرنگ منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 8 بجے انجی ازمیز ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل اناطولین ہائی اسکول کے قریب ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک مسلح شخص نے اسکول کے قریب فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
گورنر ہاؤس کے مطابق سکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ مشتبہ شخص جائے وقوع سے پیدل فرار ہوگیا تھا، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اس کی تلاش شروع کی۔
ترکیے کے مقامی ٹی وی 100 کی جانب سے جاری ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک شخص کو صبح 8 بجے کے فوراً بعد شاٹ گن تھامے اسکول کی جانب جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں وہ بعد میں مخالف سمت میں دوڑتا ہوا بھی دکھائی دیتا ہے۔
ایک اور ویڈیو میں مبینہ مشتبہ شخص کو سبز شرٹ، گہرے رنگ کی جیکٹ اور سیاہ پتلون میں ایک موڑ مڑتے ہوئے ہتھیار کے ساتھ دیکھا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ترکیے میں اسکولوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایک روز قبل وزیر تعلیم یوسف تیکن اور وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتشی نے نئے تعلیمی سال کے لیے اسکولوں کی سکیورٹی سے متعلق پروٹوکول پر دستخط کیے تھے۔
وزیر داخلہ کے مطابق اپریل میں فائرنگ کے واقعات کے بعد اسکولوں کے اطراف سکیورٹی بڑھائی گئی ہے۔ رواں سال پہلی مرتبہ 31 ہزار اسکول گراؤنڈ سپروائزرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے اسکولوں کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے زیادہ خطرے والے اسکولوں میں پولیس اہلکاروں کی مستقل ڈیوٹیاں بھی لگائی ہیں، جبکہ سکیورٹی اور امن و امان سمیت دیگر معاملات کی نگرانی کرنے والے اہلکار اسکولوں کے اطراف باقاعدگی سے گشت کریں گے۔







