سکیورٹی خطرات کے پیش نظر پشاور میں سرچ آپریشنز کا فیصلہ

پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیپٹل سٹی پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے اور نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے رات گئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی سربراہی میں تمام سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں پشاور اور گردونواح کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور شہر کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام تھانوں، پولیس چوکیوں، پولیس لائنز، اہم سرکاری و حساس مقامات اور فیلڈ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے باعث تمام سینئر افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سی سی پی او پشاور نے امن و امان کے قیام کے لیے ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈی پی او خیبر اور ڈویژنل ایس پیز کو ناکہ بندیوں، چیکنگ اور دیگر سکیورٹی اقدامات کی براہ راست نگرانی کی ذمہ داری سونپی ہے۔

اجلاس کے دوران شہر، کینٹ، فقیرآباد اور مضافاتی علاقوں میں ہوٹلوں، سراؤں اور رہائشی علاقوں میں سرچ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید برآں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام مؤثر بنانے، نواحی تھانوں اور چوکیوں کی سکیورٹی مضبوط کرنے، سنیپ چیکنگ بڑھانے اور کالے شیشوں والی گاڑیوں، ڈبل سواری کرنے والے موٹر سائیکل سواروں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

پشاور پولیس کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed