انگلینڈ کے تیز رفتار فاسٹ بولر مارک ووڈ نے مسلسل انجریز اور طبی مسائل سے نبردآزما رہنے کے بعد 36 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مارک ووڈ کا کہنا تھا کہ مسلسل زخمی ہونے کے باعث وہ ذہنی طور پر تھک چکے تھے اور یہی وقت انگلینڈ کی نمائندگی سے الگ ہونے کے لیے بالکل مناسب ہے۔
مارک ووڈ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 146 میچز کھیل کر 253 وکٹیں حاصل کیں، جن میں 38 ٹیسٹ میچوں میں حاصل کی گئی 119 وکٹیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے 2015 میں انگلینڈ کی ٹیم میں ڈیبیو کیا تھا اور اسی سال ایشیز فتح کرنے والے اسکواڈ کا حصہ بنے۔
وہ 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں 18 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کے اہم بولر رہے، جبکہ 2022 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیم میں بھی ان کا کردار نمایاں تھا۔ چیمپئنز ٹرافی کے دوران گھٹنے کی انجری کے بعد ان کی سرجری ہوئی تھی، تاہم ایشیز میں واپسی کے بعد وہ دوبارہ مصدوم ہو گئے۔ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کے باوجود مارک ووڈ ڈرہم کے لیے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور مختلف فرنچائز لیگز میں کھیل جاری رکھیں گے جبکہ براڈکاسٹنگ اور کوچنگ سے بھی منسلک رہیں گے۔







