محسن نقوی کا پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ پر ردعمل

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے اور اس طرزعمل سے جماعت اور اس کے کارکنوں کا نقصان ہوسکتا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے اور حکومت اس پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی جس سمت میں جا رہی ہے، اس سے اسے اور اس کے لوگوں کو نقصان ہوسکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی میں موجود جو سیاستدان سمجھدار ہیں، وہ لانگ مارچ نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ لوگ اسلام آباد آکر بیٹھ جائیں اور ملک 10 یا 20 دن کے لیے بند ہوجائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت احتجاجی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اس بار مستقل لائحہ عمل بنائے گی اور بار بار ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ ان کے مطابق احتجاج سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا، تاہم ملکی معیشت کو نقصان ضرور پہنچے گا۔

بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے لوگوں کو بتانا ضروری نہیں۔ ان کے مطابق اگر مطالبہ بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کا ہے تو ان کا چیک اپ گزشتہ رات بھی ہوا تھا، جبکہ علاج کے حوالے سے قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں موجود پی ٹی آئی قیادت سے متعدد مرتبہ کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے کوئی مطالبہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ایسی بند گلی میں نہ جائیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو۔

خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ 10 روز کے حالات سب کے سامنے ہیں، جہاں ایک مسجد پر خودکش حملے سمیت مختلف واقعات میں سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان جب تک مسلح گروہوں کو نہیں روکتا، پاکستان کے ساتھ حالات معمول پر نہیں آسکتے۔

پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ عالمی منڈی کی صورتحال کے باعث ملک میں قیمتوں کا مسئلہ پیدا ہوا ہے اور حکومت پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

نئے صوبوں کے معاملے پر وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ معاملہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اگر عوام کی مرضی ہوئی تو نئے صوبے ضرور بنیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed