پنجگور آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقوں اپھان کوہ اور پروم میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور علاقے میں موجود دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے معاون خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بھی تصدیق کی کہ پنجگور میں آپریشن ردالفتنہ کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور یہ سلسلہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہنگو میں سکیورٹی فورسز کی خوارج کے خلاف کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران سمیت 6 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے افسران میں 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق کا تعلق گوجرانوالہ اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔ دونوں افسران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے لڑے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق عزم استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم برقرار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed