مفت وائی فائی کی سہولت کا دائرہ پورے پشاور تک بڑھانے کا فیصلہ

وزیر اطلاعات و سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا شفیع جان نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ساجد حسین شاہ نے صوبائی وزیر کو مختلف منصوبوں، تحقیقی اقدامات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے خود انحصاری اور معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی سہولیات میں بہتری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈرون ٹیکنالوجی میں تحقیق، اس کے عملی استعمال اور مقامی سطح پر فضائی روبوٹکس کی تیاری کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے مفت وائی فائی کی سہولت کا دائرہ پورے پشاور تک بڑھانے، صوبے کے پہلے سائنس و ٹیکنالوجی میوزیم کے قیام کے لیے اقدامات تیز کرنے اور ای-رکشہ منصوبے پر عملی پیش رفت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔شفیع جان نے طلبہ کے لیے ای-بستہ منصوبے کو بھی جلد عملی شکل دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل رابطوں کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔پاکستان میں پہلی بار تیار کی جانے والی مصنوعی جلد اور مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے مقامی سطح پر تیار کردہ پی سی آر کٹس سے متعلق بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر تیاری اور درآمدی مصنوعات پر انحصار کم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔اوپن وائی فائی منصوبے کے تحت بڑے سرکاری ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر شہریوں کو مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ تین اہم بین الاقوامی ٹیکنالوجیز کی منتقلی اور انہیں مقامی سطح پر اپنانے کا عمل بھی جاری ہے۔بریفنگ کے مطابق روایتی بارود کے نسبتا صاف متبادل کے طور پر مائع آکسیجن پر مبنی کان کنی ٹیکنالوجی پر بھی کام جاری ہے، جبکہ ایس آئی ٹی ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈینگی مچھروں کے تدارک کے منصوبے پر بھی پیش رفت کی جا رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق تحقیق اور پالیسیوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ کے لیے مرکزی ڈیٹا ایکسچینج ہب اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم قائم کر دیا گیا ہے۔ای-بستہ منصوبے کے تحت نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ میں 2,500ٹیبلٹس تقسیم کیے جائیں گے، جن میں ٹیکسٹ بک بورڈ کے نصاب سے ہم آہنگ ڈیجیٹل تعلیمی مواد فراہم کیا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed