انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور اعلیٰ حکام سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر انہوں نے جی او سی کوہاٹ، آر پی او اور ڈی پی او کوہاٹ سمیت فورس کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، انہیں شاباش دی اور حوصلہ بڑھایا۔
آئی جی پی نے آپریشن کی کمانڈ کرنے والے افسران، آئی جی سی ٹی ڈی اور اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم سے بھی ملاقات کی اور آپریشنز کی تازہ ترین صورتحال معلوم کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورس کے جوان فتنہ الخوارج کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ذوالفقار حمید نے مزید کہا کہ جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ زخمی شیر کی مانند دہشتگردوں پر جھپٹنے کو تیار ہیں۔ آئی جی پی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کسی بھی بزدلانہ حملے سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔







