ایران نے سوئیڈن کے سفارتکار کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ سوئیڈن کی جانب سے ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار کو ملک سے نکالنے کے اقدام کے بعد کیا گیا۔ ایران نے سوئیڈش سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے اس معاملے پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ایران نے سوئیڈن کی ایران سے متعلق پالیسی کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے سکیورٹی امور میں مداخلت کے حوالے سے اسٹاک ہوم کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔
ایرانی حکام نے سوئیڈن میں ایران مخالف عناصر کو سرگرمیوں کی اجازت دینے پر بھی اعتراض کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ سوئیڈن نے اسرائیلی حکومت کے دباؤ پر ایرانی اہلکار کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ کیا، جس کے ردعمل میں ایران نے بھی سوئیڈش سفارتکار کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔







