راولپنڈی: تھانہ نصیر آباد کے علاقے اعوان ٹاؤن میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طالبہ کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق طالبہ کے بھائی نے واقعے کی اطلاع دی۔ بھائی کا کہنا تھا کہ اس کی بہن رات کو کمرے میں سوئی ہوئی تھی، تاہم صبح کمرے میں دیکھا تو وہ دوپٹے کے ذریعے پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔
اہل خانہ کے مطابق لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور معاملہ ہے، اس بارے میں حتمی صورتحال فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔







