شعیب جمیل
ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد محمد سہیل نے چوری کے الزام میں ماتحت عدالت کی جانب سے تین سال کی سزاکو کالعدم کرکے ملزم کو بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ، ملزم کی جانب سے کیس کی پیروی افضل خان بابا خیل ایڈووکیٹ نے کی۔ استغاثہ کے مطابق گرفتار ملزم سید ساجد علی شاہ پر الزام ہے کہ اس نے دوران ملازمت نجی کمپنی میں 56لاکھ روپے کا غبن کیا، جس پر پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 408, 411کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، اس کے دوران ملزم سے ریکوری بھی کی گئی ، پولیس نے تفیش مکمل ہونے پر چالان عدالت میں جمع کرادیا،جس کے بعد ملزم کا ٹرائل شروع ہوا،سینئر سول جج اسلام مبشر حسن نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو تین سال قید اور 45ہزار روپے جرمانہ کی سزاسنادی ، اپنی سزاکے خلاف ملزم نے سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی، گزشتہ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ماتحت عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کو کالعدم قرار دیکر ملزم کو بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔






