کنزیومر کورٹ پشاور نے معروف کپڑوں کے برانڈ کھاڈی کی جانب سے برانڈ لوگو والے کیرینگ بیگ کے صارف سے اضافی 30 روپے وصول کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کمپنی پر مجموعی طور پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔کنزیومر کورٹ پشاور کے جج نصر اللہ خان گنڈاپور نے صارف کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کھاڈی کو مدعیہ سے وصول کیے گئے 30 روپے واپس کرنے اور اسے 25 ہزار روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے کھاڈی پر مزید 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ برانڈ کا لوگو لگا کیرینگ بیگ فراہم کرنے کے عوض صارف سے الگ سے رقم وصول کرنا قانون کے مطابق قابل قبول نہیں، لہذا صارف سے وصول کیے گئے اضافی 30 روپے واپس کیے جائیں۔عدالت نے قرار دیا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ قانون کی بنیادی روح ہے اور تجارتی ادارے صارفین سے غیر قانونی یا غیر ضروری اضافی رقم وصول نہیں کرسکتے۔







