صوبے میں گندم اور آٹے کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں، ڈاکٹر محمد اسرار خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا ہے کہ صوبے میں گندم اور آٹے کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں، حکومت خیبرپختونخوا شہریوں کو بروقت آٹے کی فراہمی اورقیمتوں میں مزید کمی اور استحکام یقینی بنانے کے لیے سرکاری گندم کی ریلیز سمیت دیگر تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پشاور کے غلہ گودام کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہیں پاسکو سے خریدی گئی گندم کے ذخیرے، دستیابی اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ پشاور کے غلہ گودام میں 16 ہزار میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ مزید 4 ہزار میٹرک ٹن گندم گودام پہنچنے کے لیے راستے میں ہے۔معاون خصوصی نے گودام میں موجود گندم کے ذخیرے کا معائنہ کیا اور گندم کے معیار، محفوظ ذخیرہ کرنے کے انتظامات اور آئندہ سپلائی کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ گندم اور آٹا عوام کی بنیادی غذائی ضروریات میں شامل ہیں اور حکومت خیبرپختونخوا صوبے میں گندم کی مسلسل اور وافر دستیابی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صوبے میں گندم یا آٹے کی کوئی قلت نہیں اور حکومت خیبرپختونخوا کی بروقت اقدامات سے اٹے اور گندم کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ۔ ڈاکٹر اسرار کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر عائد پابندیاں آئین کے آرٹیکل 151 کی روح کے منافی ہیں، جس کے باعث صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ حکومت خیبرپختونخوا اس معاملے کو وفاقی اور پنجاب حکومت کے ساتھ مسلسل اٹھا رہی ہے۔معاون خصوصی نے سٹاک رجسٹر کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کے موجودہ ذخیرے کی مناسب دیکھ بھال، معیار اور محفوظ اسٹوریج کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں گندم کی دستیابی، ترسیل اور قیمتوں میں مزید کمی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ عوام کو بروقت آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed