ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اشفاق خان نے کہا ہے کہ نوجوان کرکٹرز نے قومی ٹیم میں شامل ہو کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین ہمیشہ باصلاحیت کھلاڑی پیدا کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی مزید ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

یہ بات انہوں نے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیڈیم جعفر شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد، سابق ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی اور فخر زمان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ دورے کے دوران اسٹیڈیم میں پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا میچ جاری تھا۔

اشفاق خان نے کہا کہ وجاہت اللہ واسطی، ارشد خان، ریاض آفریدی، کبیر خان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت خیبرپختونخوا کے کئی کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو بہتر مواقع، تربیت اور جدید سہولیات فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ڈی جی اسپورٹس نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے صوبے میں امن قائم کرنے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں مدد ملتی ہے۔ کھیل نظم و ضبط، برداشت اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میدان نے کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو ملکی کرکٹ کے لیے متعارف کرایا ہے۔ اشفاق خان نے ڈائریکٹر اسٹیڈیم جعفر شاہ کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ کھلاڑیوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کھیل نوجوان کھلاڑیوں کو سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا تاکہ خیبرپختونخوا کا ٹیلنٹ قومی ٹیموں تک پہنچے اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام مزید روشن کرے۔ اس موقع پر انہوں نے شاہین شاہ آفریدی، افتخار احمد، فخر زمان اور دیگر کھلاڑیوں کو چترالی ٹوپی اور چادر بھی پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed