پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سکیورٹی اور پرائیویسی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا اور پیشرس فیچر متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا ہے۔ میٹا کی ملکیت والے اس پلیٹ فارم نے ‘ریسٹریکٹڈ چیٹ’ (Restricted Chat) نامی یہ سکیورٹی فیچر اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن میں شامل کیا ہے، جو جلد ہی ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کنٹرولز کا حصہ بن جائے گا۔
اس نئے فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کو اپنی حساس اور ذاتی گفتگو پر زیادہ کنٹرول اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس کے فعال ہونے سے کسی بھی مخصوص چیٹ کی تفصیلات صرف مرکزی فون تک محدود رہیں گی، یعنی وہی چیٹ واٹس ایپ ویب یا دوسرے منسلکہ ڈیوائسز (Connected Devices) پر دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس فیچر کا استعمال مکمل طور پر اختیاری ہوگا اور صارفین اسے اپنی ضرورت کے مطابق خود فعال کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی خبروں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ (WABetaInfo) کے مطابق یہ خصوصیت فی الوقت کی آزمائشی مراحل میں ہے اور تمام بیٹا صارفین کے لیے بھی یکسر دستیاب نہیں ہے۔ کیونکہ اس فیچر پر کام جاری ہے، اس لیے فی الحال یہ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ اسے تمام عام صارفین کے لیے کب تک پیش کیا جائے گا۔







